خبر ایجنسی کے مطابق چین نے ایران کی موجودہ صورتحال پر اپنے اہم مؤقف میں زور دیا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے فوری جنگ بندی اور سفارتی مذاکرات ناگزیر ہیں۔ چینی وزارتِ خارجہ کے مطابق ایران میں جاری تنازع نہ صرف خطے بلکہ عالمی معیشت، سپلائی چین اور توانائی کی ترسیل پر بھی منفی اثرات مرتب کر رہا ہے۔ چین نے حالیہ امریکا-ایران جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ مذاکرات کا دروازہ کھل چکا ہے، جسے ہر صورت کھلا رہنا چاہیے۔بیان میں کہا گیا کہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری ہی مسائل کے حل کا واحد مؤثر راستہ ہے۔ چین نے آبنائے ہرمز سمیت خلیجی سمندری راستوں کی فوری بحالی پر بھی زور دیا تاکہ عالمی تجارت اور توانائی کی فراہمی متاثر نہ ہو۔چینی وزارتِ خارجہ نے بتایا کہ پاکستان اور چین نے خطے میں امن کی بحالی کے لیے مشترکہ پانچ نکاتی منصوبہ بھی پیش کیا ہے۔ چین نے صدر Xi Jinping کے امن وژن کے تحت مشرقِ وسطیٰ میں اپنا تعمیری کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔تجزیہ کاروں کے مطابق چین کا یہ مؤقف خطے میں کشیدگی کم کرنے اور عالمی امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔








































