خبر ایجنسی کے مطابق ملک بھر میں عیدالاضحیٰ مذہبی عقیدت، جوش و خروش اور ملی یکجہتی کے جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ چھوٹے بڑے شہروں، قصبوں اور دیہات میں نمازِ عید کے اجتماعات منعقد ہوئے جہاں علمائے کرام نے حضرت ابراہیمؑ اور حضرت اسماعیلؑ کی عظیم قربانی کی فلسفیانہ اہمیت اجاگر کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کے مظلوم مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔نمازِ عید کے بعد شہریوں نے سنتِ ابراہیمیؑ کی پیروی کرتے ہوئے جانوروں کی قربانی کی جبکہ فلاحی و سماجی تنظیموں اور مخیر حضرات کی جانب سے قربانی کا گوشت مستحق خاندانوں میں تقسیم کیا گیا۔ مختلف شہروں میں صفائی ستھرائی اور سکیورٹی کے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے جبکہ قانون نافذ کرنے والے ادارے ہائی الرٹ رہے۔عید کی تعطیلات کے دوران پارکس، تفریحی مقامات اور سیاحتی علاقوں میں شہریوں، خصوصاً بچوں اور نوجوانوں کا غیر معمولی رش دیکھنے میں آیا۔ گھروں میں خصوصی پکوانوں اور خاندانی میل ملاقاتوں کا اہتمام کیا گیا جبکہ عید کی خوشیوں نے ہر طرف سماں باندھ دیا۔ (خبر ایجنسی)










































